کیا حضرت محمد مصطفی [ص] کے علاوہ دوسرے انبیاء [ع] بھی معراج پر گئے ہیں؟

عربی لغت میں " معراج " ایک وسیلہ کے معنی میں ہے جس کی مدد سے بلندی کی طرف چڑھا جاسکتا ہے لیکن روایتوں اور تفسیر میں اس لفظ کو پیغمبر اسلام {ص} کے مکہ سے بیت المقدس کی طرف اور وہاں سے آسمانوں کی طرف اور پھر اپنے وطن لوٹنے کے جسمانی سفر کےلئے استعمال کیا گیا ہے جو کچھ اسلامی روایتوں سے معلوم ہوتا ہے، وہ یہ ہےکہ اس کیفیت کی معراج کو صرف رسول اکرم {ص} نے انجام دیا ہے اور وہ بھی صرف ایک مرتبہ؛ اگرچہ ممکن ہے، اس کے مشابہ بعض معراج کے مراحل کو دوسرے انبیاء {ع} جیسے: حضرت سلیمان {ع}، حضرت ادریس {ع} اور حضرت عیسی {ع} نے بھی انجام دیا ہو اور یہ بھی ممکن ہےکہ دوسری کئی معراج بھی مختلف کیفیتوں میں دوسرے انبیاء {ع} نے بارہا انجام دئے ہوں-

دوسری جانب سے، اگرچہ پیغمبر اسلام {ص} کی معراج کے زمانہ کے بارے میں مختلف روایتیں پائی جاتی ہیں، لیکن قطعی طور پر نہیں کہا جاسکتا ہےکہ ان میں سے کونسی روایت صحیح ہے لیکن بہت سے دوسرے مشابہ مسائل کے مانند اس سلسلہ میں قطعی تاریخ کا نہ جاننا اس کے اصلی واقعہ کی قطعیت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا ہے۔

پیغمبر اسلام {ص} معراج کے بعد براہ راست مکہ لوٹے اور اس اہم واقعہ کی خبر قریش تک پہنچا دی اور اس موضوع کے بارے میں کچھ قطعی شواہد بھی پیش کئے۔ اس کے علاوہ آنحضرت {ص} نے اپنی نبوت کی پوری مدت کے دوران، معراج کے بارے میں جو مشاہدات قابل بیان تھے، انھیں سادہ الفاظ میں لوگوں کے سامنے بیان کیا کہ ان میں سے بہت سے مطالب حدیث اور تفسیر کی کتابوں میں درج کئے گئے ہیں۔
قرآن مجید نے سورہ اسراء کی پہلی آیت میں اعلان کیا ہےکہ پیغمبر اسلام {ص} نے مسجد الحرام سے بیت المقدس اور مسجد الاقصی تک کا طولانی سفر معجزانہ طور پر ایک رات کے اندر طے کیا کہ آپ {ص} کی یہ مسافرت، طولانی تر مسافرت، یعنی آسمانوں میں گردش کرنے اور خدا کی آیات و نشانیوں کا مشاہدہ کرنے کا پیش خیمہ بنی ہے۔ اس سفر کے دوسرے مرحلہ کی عکاسی بھی سورہ نجم کی ابتدائی آیات میں کی گئی ہے۔

قرآن مجید میں لفظ " معراج " سے استفادہ نہیں کیا گیا ہے، بلکہ روایات اور مذکورہ آیتوں کی تفسیر میں اس رات کو " لیلۃ المعراج " کے نام سے یاد کیا گیا ہے اور شاید اس نام گزاری کی وجہ پیغمبر اسلام {ص} کے ایک ایسے مرکب سے استفادہ کرنا ہو، جس کا نام " براق " تھا کہ آنحضرت {ص} کا سفر اور آسمانوں کی طرف روانہ ہونا اسی مرکب پر انجام پایا ہے۔

islamquest.net

ای میل کریں